کوئٹہ(ویب نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریاں جاری ہیں اور اس کا حتمی منصوبہ مارچ سے ایک ہفتہ قبل سامنے لایا جائے گا۔ لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کارکنوں کی بڑی تعداد اسلام آباد پہنچے گی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ 27 ستمبر کو گھروں سے نکلیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کرسی کا لالچ ذاتی مفاد رکھنے والوں کو ہوتا ہے، وہ اپنے مؤقف سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے، چاہے جان ہی کیوں نہ چلی جائے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ حکومتیں ہمیشہ قائم نہیں رہتیں، وقت بدلتا رہتا ہے، اگلی باری ہماری ہے اور ہر پولیس اہلکار کی ویڈیوز بنائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب کے عوام پر مسلط چوروں اور ڈاکوؤں کا بھرپور احتساب کیا جائے گا۔
