اسلام آباد(ویب نیوز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کی ایگزیکٹو کونسل کے ایک وفد نے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور سابق سیکریٹری جنرل مظہر عباس کے ہمراہ قومی اسمبلی کے اپوزیشن چیمبر میں قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے رہنما محمود خان اچکزئی سے ملاقات کی۔ وفد نے پی ایف یو جے کی قیادت کی ہدایت پر نیشنل میڈیا کنونشن کا مشترکہ اعلامیہ اور مطالبات کا منشور اپوزیشن رہنما کو پیش کیا اور پیکا کے مبینہ کالے قانون اور اداروں سے صحافیوں کی جبری برطرفیوں کے معاملے پر ان کی توجہ مبذول کرائی۔ وفد نے محمود خان اچکزئی سے مطالبہ کیا کہ ان مسائل کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے اور اس حوالے سے قرارداد پیش کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ملاقات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان اخونزادہ حسین احمد یوسفزئی بھی موجود تھے۔
