اسلام آباد (ویب نیوز) جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر اپوزیشن جماعتوں کا اہم اجلاس ہوا، جس میں پارلیمنٹ میں حکومت کو ٹف ٹائم دینے اور مشترکہ اپوزیشن تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اسد قیصر، جنید اکبر، عامر ڈوگر اور شاہد خٹک جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ، مولانا عبد الواسع اور سینیٹر دلاور خان سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال، امن و امان اور پارلیمنٹ میں اپوزیشن کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی رٹ چیلنج ہے اور ملک میں امن و امان کی صورت حال سنگین ہے جبکہ عوام کو غلط بیانیہ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں اپنی اپنی قیادت سے مشاورت کریں گی، جس کے بعد آئندہ اجلاس میں مشترکہ اپوزیشن کے آئندہ لائحہ عمل کو حتمی شکل دی جائے گی۔
