پاکستان ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

اٹارنی جنرل منصور اعوان کے گھر چھاپے پر ایس ایچ او سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج

لاہور (ویب نیوز) اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور اعوان کے گھر پر مبینہ پولیس چھاپے کے معاملے میں ایس ایچ او سرور روڈ سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق اہلکاروں کو ملحقہ گھر کے حوالے سے اطلاع موصول ہوئی تھی، تاہم غلطی سے اٹارنی جنرل کے گھر داخل ہوگئے۔ ایف آئی آر کے مطابق ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں پر اختیارات سے تجاوز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے انہیں چارج شیٹ بھی کر دیا گیا ہے۔ ڈرائیور عرفان کے مطابق پولیس اہلکار گیٹ پھلانگ کر گھر میں داخل ہوئے، سی سی ٹی وی کیمروں کا نظام اپنے ساتھ لے گئے اور فوٹیج حذف کرنے کے بعد ڈی وی آر واپس کر دی، جبکہ چھاپے کے دوران گھر کے باہر رکھے گملوں کو بھی نقصان پہنچا۔ دوسری جانب ایس ایچ او سرور روڈ نے عدالت سے عبوری ضمانت حاصل کر لی ہے۔