کوئٹہ (ویب نیوز) اسلامی امارت افغانستان کے سربراہ شیخ ہیبت اللہ اخندزادہ نے قندھار میں علماء کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی نظام کے استحکام، دینی تعلیمات کے فروغ، منکرات کی روک تھام اور قومی اتحاد کے فروغ پر زور دیا ہے۔ اسلامی امارت کے نائب ترجمان ملا حمداللہ فطرت کے مطابق شیخ ہیبت اللہ اخندزادہ نے کہا کہ علماء پر دین کی تبلیغ، تشریح، دفاع اور عوام کی دینی رہنمائی کی اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے، اس لیے انہیں برائیوں کے خاتمے اور غیر اسلامی رسومات کے خلاف بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں شریعت کے نفاذ اور دین کی خدمت کے لیے سازگار موقع میسر ہے۔ امیرِ اسلامی امارت نے علماء اور حکومتی ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ باہمی اعتماد، محبت اور اتحاد کو فروغ دیں تاکہ دشمن کو اختلافات پیدا کرنے کا موقع نہ ملے۔ انہوں نے عوام میں اطاعت، نظم و ضبط اور اسلامی تعلیمات کے فروغ، نوجوانوں کی تعلیم و تربیت اور اسلامی امارت کے قوانین و فرامین کی اہمیت سے آگاہی پر بھی زور دیا، جبکہ علماء کو تقویٰ، عاجزی اور عوام کی رہنمائی کا ذریعہ بننے کی تلقین کی۔
