واشنگٹن(صداقت نیوز) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر 250 ڈالر کے امریکی کرنسی نوٹ پر شائع کرنے کی تجویز سامنے آنے کے بعد امریکا میں سیاسی اور قانونی بحث چھڑ گئی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایک نئے بل میں 250 ڈالر کے نوٹ پر ڈونلڈ ٹرمپ کی تصویر شامل کرنے کی سفارش کی گئی ہے، جس کی منظوری کی صورت میں ڈیڑھ صدی بعد پہلی بار کسی زندہ شخصیت کی تصویر امریکی کرنسی پر نظر آئے گی۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ برس امریکی محکمہ خزانہ میں تعینات دو اعلیٰ عہدیداروں نے بیورو آف اینگریونگ اینڈ پرنٹنگ کے عملے سے ابتدائی نمونے تیار کرنے کی ہدایات دی تھیں، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ زندہ شخصیات، بالخصوص صدور، کی تصاویر امریکی کرنسی پر شائع کرنا مروجہ قانون سے متصادم ہے۔ رپورٹ کے مطابق متعلقہ ادارے کی ڈائریکٹر نے قانونی و انتظامی رکاوٹوں کی نشاندہی کی تو انہیں عہدے سے ہٹا دیا گیا، جبکہ ناقدین کا مؤقف ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ قومی اداروں پر ذاتی اثر و رسوخ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔
