تازہ ترین ۱۴ جولائی ۲۰۲۶

امریکی جنگی طیاروں کی ایرانی جزیرہ کیش پر بمباری، قشم اور خوزستان میں دھماکے، کویت میں بھی خطرے کے سائرن بج اٹھے

کوئٹہ (ویب نیوز)امریکی جنگی طیاروں نے ایران کے جزیرہ کیش پر بمباری کرتے ہوئے بندرگاہ میں لنگر انداز کشتیوں کو نشانہ بنایا، جبکہ ایران کے جزیرہ قشم اور صوبہ خوزستان میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ عرب اور ایرانی میڈیا کے مطابق کویت میں بھی دھماکوں کی اطلاعات کے بعد خطرے کے سائرن بجا دیے گئے۔ کویتی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی فوجی تنصیبات پر میزائل اور ڈرون حملے کیے گئے جنہیں فضائی دفاعی نظام کے ذریعے ناکام بنایا جا رہا ہے، جبکہ کویت کی فضائی حدود میں مشکوک فضائی اہداف کو بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ایرانی پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ترجمان ابراہیم رضائی نے کہا ہے کہ مفاہمتی یادداشت اب عملاً ختم ہو چکی ہے اور دشمن باضابطہ طور پر جنگ میں داخل ہو گیا ہے۔ ان کے مطابق مخالف فریق نے مفاہمتی یادداشت کی تمام شقوں کی خلاف ورزی کی ہے۔