واشنگٹن(ویب نیوز) امریکی صدر نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران ایک اہم ڈیل کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں، اور اگر ڈیل کے بجائے کوئی اور راستہ بھی اختیار کرنا پڑا تو جیت امریکا کی ہوگی۔امریکی ٹی وی این بی سی کو دیے گئے انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی بعض معزز شخصیات کی درخواست پر نافذ کی گئی تھی، جن میں پاکستان کے فیلڈ مارشل اور وزیرِاعظم کا اہم کردار شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ ایک بڑے معاہدے کے قریب ہے، تاہم وہ نہیں چاہتے کہ لبنان ایران کے ساتھ کسی قلیل مدتی معاہدے کا حصہ بنے۔صدر ٹرمپ کے مطابق ایران پر معاشی دباؤ انتہائی مؤثر رہا ہے اور اسے روزانہ 400 سے 500 ملین ڈالر کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی معاہدے کے تحت ایران کے منجمد اثاثے نہ تو جاری کیے جائیں گے اور نہ ہی پابندیاں ختم ہوں گی، البتہ اگر ایران کا رویہ بہتر رہا تو مستقبل میں اس پر غور کیا جا سکتا ہے۔
