کوئٹہ(ویب نیوز): نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما، سابق سینیٹر میر طاہر بزنجو نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کی سیاسی ترجیحات میں نمایاں تبدیلی آ چکی ہے اور اب دونوں جماعتوں کے لیے اقتدار سب سے بڑی ترجیح بن گیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اقتدار ملنے کے بعد جمہوریت، آئین و پارلیمان کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، میثاقِ جمہوریت، اٹھارویں آئینی ترمیم اور صوبائی حقوق جیسے اہم قومی معاملات پس منظر میں چلے گئے ہیں۔ میر طاہر بزنجو نے دعویٰ کیا کہ ملک اس وقت پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کی سیاسی حمایت کے باعث آمریت اور فاشزم کی طرف بڑھ رہا ہے۔ انہوں نے بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے حوالے سے کہا کہ وقت ہی بتائے گا کہ وہ اپنی سیاسی غلطیوں کی اصلاح کرتے ہیں یا نہیں، تاہم اس وقت وہ جیل میں سخت حالات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی مسائل کے پائیدار حل کے لیے سیاسی استحکام، جمہوری اقدار اور آئین کی بالادستی ناگزیر ہے۔
