کوئٹہ (ویب نیوز) افغانستان فریڈم فرنٹ (اے ایف ایف) نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ بغلان کے ضلع دوشی میں طالبان کے ایک عسکری قافلے کو راکٹ حملے کا نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں سات طالبان اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوئے۔ تنظیم کے جاری بیان کے مطابق یہ قافلہ کابل سے صوبہ بدخشان کی جانب اضافی نفری اور عسکری سازوسامان لے جا رہا تھا کہ راستے میں اس پر حملہ کیا گیا۔ اے ایف ایف نے دعویٰ کیا کہ کارروائی کے دوران اس کے کسی جنگجو کو نقصان نہیں پہنچا۔ تنظیم نے مزید دعویٰ کیا کہ گزشتہ دو روز کے دوران مختلف جھڑپوں میں طالبان کے چار کمانڈر، جن میں ملا شاداب، مولوی گل احمدی، ملا فرید اللہ اور قاری عمری لازری شامل ہیں، بھی مارے گئے۔ تاہم طالبان حکومت کی جانب سے ان دعوؤں پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا، جبکہ آزاد ذرائع سے بھی ان اطلاعات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
