پاکستان ۱۸ اگست ۲۰۲۶

افغانستان میں تمام افغان فریقین کی شرکت سے لویہ جرگہ بلایا جائے، احمد خان

کوئٹہ(ویب نیوز)افغان قومی تحریک کے مرکزی رہنما احمد خان نے افغانستان کے 107ویں یومِ آزادی کے موقع پر افغان عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ افغانستان میں تمام افغان فریقین کی شرکت سے ایک جامع اور مستقل سیاسی نظام کے قیام کے لیے پُرامن ماحول میں لویہ جرگہ بلایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت کے پانچ سال مکمل ہونے کے باوجود افغانستان کا سیاسی مستقبل اب بھی ایک سوالیہ نشان ہے اور افغان عوام آئین کی بنیاد پر ایک منتخب نظام کے منتظر ہیں۔ احمد خان نے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، تاہم افغانوں کے باہمی اختلافات کے باعث بیرونی قوتوں کو افغانستان کے داخلی معاملات میں مداخلت کا موقع ملا ہے۔ انہوں نے افغان عوام پر زور دیا کہ باہمی اختلافات ختم کریں، قومی مفادات کو ترجیح دیں اور ملک کے مستقبل کے بارے میں مشترکہ فیصلہ کریں۔ ان کے مطابق جب تک تمام افغان اور سیاسی و عسکری گروہ اپنے مسائل کے حل کے لیے ایک ساتھ نہیں بیٹھتے، افغانستان بیرونی طاقتوں کی پراکسی جنگوں کا میدان بنا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ بیس برسوں میں امریکی فوجی موجودگی اور جنگیں بھی افغانستان کا مسئلہ حل نہیں کر سکیں، جس سے ثابت ہوتا ہے کہ جنگ مسائل کا مستقل حل نہیں ہے۔ احمد خان نے زور دیا کہ طاقت اور تلوار کے زور پر پورے افغانستان پر حکومت کرنا ممکن نہیں اور ملک کے مستقبل کا فیصلہ افغان عوام کی خواہش اور باہمی مشاورت کے ذریعے ہونا چاہیے۔ انہوں نے نئی اور طویل جنگ کے خدشے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کے ہمسایہ ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ مل کر افغان سرزمین کو دوبارہ جنگ کا میدان بننے سے روکیں، کیونکہ افغانستان میں امن و استحکام جنوبی ایشیا کے امن کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔