اسلام آباد(ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی عمل میں اہم اور تاریخی کردار ادا کیا ہے اور یہ مفاہمتی یادداشت مستقبل میں ایک دیرپا اور پائیدار امن معاہدے کی بنیاد بن سکتی ہے۔ قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے سوئٹزرلینڈ میں دونوں ممالک کے درمیان سفارتی کوششوں کے ذریعے ثالثی کا کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں فریقین کے درمیان جنگ بندی اور مذاکراتی عمل کا آغاز ممکن ہوا۔ وزیراعظم کے مطابق آئندہ 60 روز میں تکنیکی سطح پر مذاکرات جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی میڈیا نے بھی پاکستان کے مثبت کردار کو سراہا ہے جو ملک کی سفارتی کامیابی ہے۔ شہباز شریف نے ملکی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر انتخابات کی تحقیقات کرنی ہیں تو 2018 کے عام انتخابات سے آغاز کیا جائے، کیونکہ ان کے مطابق اس دور میں بھی سنگین بے ضابطگیوں کے الزامات موجود ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے اور ایران کے صدر کا دورہ بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے۔
