اسلام آباد (ویب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی پاکستان کی مجموعی ترقی کے لیے ناگزیر ہے اور جب تک تمام صوبے ترقی کے عمل میں برابر شریک نہیں ہوں گے، ملک کی حقیقی ترقی ممکن نہیں۔قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان پر خرچ ہونے والے وسائل سے متعلق ان کی سابقہ تقاریر کا ریکارڈ موجود ہے۔ وزیراعظم کے مطابق چاروں صوبوں نے اتفاقِ رائے سے قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت بلوچستان کے حصے میں اضافہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ باہمی رضامندی اور خوش دلی سے کیا گیا تھا تاکہ کم ترقی یافتہ علاقوں کو زیادہ وسائل فراہم کیے جا سکیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ان کا مؤقف ہمیشہ یہی رہا ہے کہ تمام صوبوں کی یکساں ترقی ہی پاکستان کی مضبوطی کی ضمانت ہے۔وزیراعظم نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن کے ردعمل پر کہا کہ ان کے بیان کو مختلف انداز میں پیش کیا گیا، تاہم ہر رکن کو اپنا مؤقف رکھنے کا حق حاصل ہے۔
