اسلام آباد (ویب نیوز)نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے جمعہ کے روز اسلام آباد میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی، جس میں آئندہ ہفتوں کے دوران پاکستان کی طے شدہ اعلیٰ سطحی سفارتی سرگرمیوں اور اہم سفارتی روابط کا جائزہ لیا گیا۔ وزارتِ خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے آئندہ سفارتی سرگرمیوں کی اہم ترجیحات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے پاکستان کے سفارتی اہداف کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے ضروری رہنمائی فراہم کی۔ انہوں نے اہم سرگرمیوں کے لیے جاری تیاریوں کا بھی جائزہ لیا اور کامیاب انعقاد کے لیے متعلقہ تمام اداروں کے درمیان مؤثر اور مربوط تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ اجلاس میں وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور آمنہ بلوچ اور وزارتِ خارجہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
