مقامی ۹ مئی ۲۰۲۶

ابن الوقت ٹولیاں اور دھڑے حقیقی پشتون قومی تحریک کا نعم البدل نہیں ہو سکتے، اصغر خان اچکزئی

کوئٹہ( ویب ڈیسک)عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ مقتدر قوتوں کی سرپرستی میں تشکیل دیے گئے گروہ اور ابن الوقت ٹولیاں کبھی بھی حقیقی پشتون قومی تحریک کا نعم البدل ثابت نہیں ہو سکتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلی جہانگیر آباد کچلاک میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انجینئر عجب خان کاکڑ کی قیادت میں سلیمان خان، فرمان خان اور بہلول خان کاکڑ نے ایک مذہبی جماعت سے مستعفی ہوکر اپنے خاندانوں سمیت اے این پی میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان کیا۔اصغر خان اچکزئی نے نئے شامل ہونے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نہ صرف پشتونوں کو درپیش سنگین مسائل کا ادراک رکھتی ہے بلکہ ان کے پائیدار حل کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی کے اکابرین نے دہائیوں قبل انتہا پسندی اور تشدد کے رجحانات سے خبردار کیا تھا، مگر اس وقت ان کی آواز کو سنجیدہ نہیں لیا گیا، جس کا نتیجہ آج پورا معاشرہ بھگت رہا ہے۔ تقریب سے اے این پی کے رکن مرکزی کمیٹی و ایم پی اے ملک نعیم خان بازئی، مابت کاکا، جمال الدین رشتیا اور دیگر رہنماں نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے واضح کیا کہ پشتون افغان وطن کی بقا، ترقی اور وسائل پر اختیار کے لیے باچا خان کے فلسفے کو گھر گھر پہنچانا وقت کی ضرورت ہے۔ تقریب کے اختتام پر نئے شامل ہونے والے کارکنوں کو سرخ ٹوپیاں اور مفلر پہنائے گئے۔