کوئٹہ (ویب نیوز): بلوچستان میں جاری آپریشن شعبان کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مزید 7 دہشتگرد ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جس کے بعد اس آپریشن میں ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کی تعداد 64 ہو گئی ہے، جبکہ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 5 جولائی سے جاری مختلف آپریشنز میں مجموعی طور پر 102 دہشتگرد مارے جا چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دشوار گزار پہاڑی علاقوں اور خفیہ ٹھکانوں میں موجود دہشتگردوں کے خلاف زمینی اور انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیاں بدستور جاری ہیں اور پاک فوج سمیت قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔ نوٹ: اس خبر میں شامل ہلاکتوں اور کارروائیوں سے متعلق اعداد و شمار سیکیورٹی ذرائع کے دعوؤں پر مبنی ہیں، جن کی آزاد ذرائع سے تاحال تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔
