پاکستان ۲۸ جولائی ۲۰۲۶

آزاد کشمیر انتخابات کے پہلے مرحلے میں مسلم لیگ (ن) کو برتری، 13 میں سے 9 نشستوں پر کامیابی

اسلام آباد/مظفرآباد (ویب نیوز): آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات کے پہلے مرحلے میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے واضح برتری حاصل کرتے ہوئے 13 میں سے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی 4 نشستیں جیتنے میں کامیاب رہی۔ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر نے انتخابی عمل کو پرامن، شفاف اور غیرجانبدار قرار دیا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال اور طارق فضل چوہدری نے نتائج کو عوامی اعتماد کا اظہار قرار دیتے ہوئے شفاف انتخابات پر الیکشن کمیشن کو مبارکباد دی، جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ قومی مفاد کے بجائے مسلم لیگ (ن) کے مفاد کو ترجیح دی گئی۔ انہوں نے مرحلہ وار انتخابات، مبینہ انتخابی بے ضابطگیوں اور ووٹوں کے تحفظ کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے شفاف تحقیقات اور حقائق سامنے لانے کے لیے کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا۔