پاکستان ۳ اگست ۲۰۲۶

آزاد کشمیر انتخابات میں دھاندلی کے الزامات، شرجیل میمن کی ن لیگ پر شدید تنقید

اسلام آباد (ویب نیوز): سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی الٹی گنتی شروع ہو چکی ہے اور سوال اٹھایا کہ کیا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیراعظم شہباز شریف اور نواز شریف اپنی نشستیں واقعی جیتے تھے؟ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ مسلم لیگ (ن) نے آزاد کشمیر انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی اور کشمیری عوام کے مینڈیٹ کو پامال کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مہاجرین کی نشستوں پر تاریخی دھاندلی کی گئی، ن لیگ کے کارکن جعلی بیلٹ پیپرز پر مہریں لگاتے رہے جبکہ الیکشن کمیشن کو مسلسل شکایات کے باوجود مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ شرجیل میمن نے کہا کہ ن لیگ اپنی مبینہ دھاندلی تسلیم کرنے کے بجائے جشن منا رہی ہے اور اگر وہ 2024 کے عام انتخابات پر اعتراضات نہیں مانتی تو آزاد کشمیر انتخابات سے متعلق الزامات بھی تسلیم نہیں کرے گی۔