پشین (سید سردار محمد خوندئی)
آئی جی ایف سی نارتھ بلوچستان میجر جنرل عاطف مجتبیٰ پشین ریسٹ ہاؤس پہنچے، جہاں رکن صوبائی اسمبلی سردارزادہ سید ظفر علی آغا اور دیگر معززین نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
پشین کی نامور شخصیات کی نمائندگی کرتے ہوئے پارلیمانی ممبر سردارزادہ سید ظفر علی آغا نے آئی جی ایف سی نارتھ بلوچستان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران سردارزادہ سید ظفر علی آغا نے بوستان روڈ کی بندش کا مسئلہ آئی جی ایف سی کے سامنے رکھا اور عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔
سردارزادہ سید ظفر علی آغا کے اصرار پر آئی جی ایف سی نارتھ بلوچستان میجر جنرل عاطف مجتبیٰ نے بوستان روڈ کو فوری طور پر کھولنے کا اعلان کیا، جو علاقے کے عوام کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت ہے۔
ملاقات میں ضلع پشین کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے پشین جرگہ کے مشران، حاجی علاؤالدین آغا، انجمن تاجران، زمینداران، ضلع پشین جمعیت علماء اسلام کے امراء و نظماء، ملک لطیف اللہ ترین اور دیگر معزز عمائدین نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر عمائدین نے علاقے کے دیرینہ مسائل، امن و امان کی صورتحال اور عوام کو درپیش مشکلات سے آئی جی ایف سی کو آگاہ کیا۔
ملاقات نہایت خوشگوار، پرامن اور باہمی احترام کے ماحول میں ہوئی، جس میں علاقے میں پائیدار امن کے قیام، عوامی مسائل کے حل اور عوام و اداروں کے درمیان بہتر روابط کے فروغ سے متعلق اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
