مقامی ۲۰ جولائی ۲۰۲۶

آئی جی ایف سی بلوچستان کی چمن میں قبائلی مشران سے ملاقات، سرحدی مسائل کے حل اور عوامی ریلیف کی یقین دہانی

چمن(ویب نیوز): آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل عاطف مجتبی نے بریگیڈیئر شکیل احمد کے ہمراہ چمن، توبہ اچکزئی اور گردونواح کے قومی و قبائلی مشران سے ملاقات کی، جس میں پاک افغان سرحد پر آمد و رفت، عوامی مسائل، مریضوں کی سہولت، لغڑی پیکج اور سرحدی علاقوں کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ قبائلی مشران نے سرحدی عوام کو درپیش مشکلات، روزگار، تجارت اور خاندانی روابط کے حوالے سے مسائل اجاگر کیے، جبکہ بزرگوں، خواتین، بچوں اور مریضوں کے لیے خصوصی سہولیات اور ہنگامی طبی کیسز میں آسان سرحدی نقل و حرکت کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر میجر جنرل عاطف مجتبی نے یقین دہانی کرائی کہ چمن، توبہ اچکزئی اور دیگر سرحدی علاقوں کے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے، مریضوں اور مسافروں کی مشکلات کم کرنے اور لغڑی برادری کے مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے ساتھ مشاورت جاری رکھی جائے گی۔ ملاقات کے بعد انہوں نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چمن میں جدید آئی ٹی سینٹر کا افتتاح بھی کیا، جس کا مقصد طالبات کو جدید کمپیوٹر تعلیم، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے۔