پاکستان ۱ جون ۲۰۲۶

آئی ایم ایف کو پیٹرولیم لیوی بڑھانے کی یقین دہانی، عوام پر مزید مالی بوجھ ڈالنے کا منصوبہ

کوئٹہ (صداقت ویب نیوز): وفاقی حکومت نے پیٹرولیم لیوی اور سرچارج کی مد میں آئندہ برسوں کے دوران محصولات میں نمایاں اضافے کا منصوبہ تیار کر لیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق حکومت نے انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کو یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرولیم لیوی کے ذریعے محصولات کے اہداف حاصل کیے جائیں گے۔ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2026-27 میں 1727 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جبکہ آئندہ برسوں میں یہ رقم مزید بڑھنے کا امکان ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں بھی پیٹرولیم لیوی کی مد میں ہزاروں ارب روپے وصول کیے جا چکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق پیٹرولیم لیوی میں اضافے سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور روزمرہ استعمال کی دیگر اشیاء کی قیمتوں پر اثر پڑ سکتا ہے، جس سے مہنگائی میں مزید اضافہ ہونے کا خدشہ ہے۔