کوئٹہ (ویب نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے جنرل سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ آئین و قانون کی بالادستی اور جمہوری اقدار کا فروغ ہی مضبوط، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ وکلا برادری نے ہمیشہ آئین کی سربلندی، قانون کی حکمرانی اور جمہوری نظام کے تحفظ کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے، موجودہ دور میں بھی وکلا پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ معاشرے میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کے اصولوں کے فروغ کے لیے اپنا کردار مزید مؤثر بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور معروف قانون دان ملک انور نسیم کاسی ایڈووکیٹ کی جانب سے وکلا کے اعزاز میں دی گئی چائے پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے یوتھ افیئرز حیدر خان اچکزئی، بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطا اللہ لانگو سمیت وکلا اور سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی مضبوطی اور جمہوری اداروں کے استحکام پر یقین رکھتی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک میں سیاسی و معاشی استحکام کے ساتھ ساتھ ادارہ جاتی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی کے لیے اقدامات کر رہی ہے، حکومت کی کوشش ہے کہ تمام معاملات آئین اور قانون کے مطابق آگے بڑھائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وکلا کسی بھی مہذب اور جمہوری معاشرے میں آئین و قانون کے محافظ تصور ہوتے ہیں۔ پاکستان کی وکلا برادری نے جمہوریت، عدلیہ کی آزادی اور آئین کی سربلندی کے لیے تاریخی جدوجہد کی ہے۔ آج بھی وکلا کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ عوام کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کے عمل میں معاون بننا چاہیے اور معاشرے میں قانون کے احترام کو فروغ دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے اور کسی بھی معاشرے میں پائیدار ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی یقینی نہ بنائی جائے۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے وکلا نے ہمیشہ آئینی حقوق، جمہوری اقدار اور عوامی مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کی ہے۔ صوبے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے سیاسی قیادت، وکلا، سول سوسائٹی اور دیگر طبقات کو مل کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں بلوچستان کی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہی ہیں، جبکہ اس سلسلے میں تمام مثبت قوتوں کا تعاون ناگزیر ہے۔ جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں، حکومت نوجوانوں کو تعلیم، روزگار، ہنر اور بااختیار بنانے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہے۔ بلوچستان کے نوجوانوں کو قومی دھارے میں مؤثر کردار دینے کے لیے بھی وفاقی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔
