کوئٹہ(یو این اے )ضلع چاغی کے صدر مقام دالبندین میں مسلح افراد نے سٹی پولیس تھانے پر شدید حملہ کرتے ہوئے عمارت کو نذرِ آتش کر دیا ہے۔ ڈی ایس پی چاغی عابد شیر زئی کے مطابق، مسلح افراد کے اس اچانک حملے اور تھانے میں آگ لگائے جانے کے بعد وہاں حوالات میں بند 14 سے زائد قیدی موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ واقعے کے بعد دالبندین شہر میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور کاروباری مراکز بند ہو گئے۔ذرائع کے مطابق، تھانے پر حملے کے دوران مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان شہر کے مختلف مقامات پر شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا ہے۔ ہسپتال ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ فورسز اور حملہ آوروں کے مابین ہونے والی اس فائرنگ کی زد میں آکر گولی لگنے سے دو افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر مغوی قیدیوں کی دوبارہ گرفتاری اور حملہ آوروں کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔
