کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان نیشنل پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن غلام نبی مری نے کہا ہے کہ سرکاری اسپتالوں میں علاج اور تشخیصی ٹیسٹ کی سہولیات عوام کو کم اور ان کی استطاعت کے مطابق فیس پر فراہم کی جانی چاہئیں، تاہم بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال سمیت بعض سرکاری اسپتالوں میں مہنگے تشخیصی ٹیسٹ غریب اور کم آمدنی والے مریضوں کے لیے شدید مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بولان میڈیکل کمپلیکس اسپتال میں ایم آر آئی ٹیسٹ کے لیے ہزاروں روپے فیس مقرر کرنا تشویش ناک ہے، کیونکہ غریب، مزدور اور متوسط طبقے کے خاندان اتنی بھاری فیس ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ضروری طبی ٹیسٹوں کی بھاری فیس کے باعث بعض مریض بروقت تشخیص اور علاج سے محروم رہ جاتے ہیں۔ غلام نبی مری نے بلوچستان حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا کہ سرکاری اسپتالوں میں تمام ضروری تشخیصی سہولیات کی فیسوں پر نظرثانی کی جائے، عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیسوں میں نمایاں کمی کی جائے اور کم آمدنی والے مریضوں، مستحق خاندانوں اور غریب افراد کے لیے خصوصی رعایت یا مفت ٹیسٹوں کا مؤثر نظام قائم کیا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحت ہر انسان کی بنیادی ضرورت ہے اور کسی شہری کو صرف مالی مشکلات کی وجہ سے ضروری تشخیص اور علاج سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔
