مقامی ۸ ستمبر ۲۰۲۶

کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر اور بی آر ایس پی کے سربراہ کی ملاقات، پروگرام پر تبادلہ خیال

کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ کے ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی سے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر طاہر رشید نے ملاقات کی، جس میں پروگرام کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پروگرام، جو بلوچستان حکومت کا ایک اہم اقدام ہے، کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، نوجوانوں کو بااختیار بنانے، سماجی ہم آہنگی اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے میں معاشرے کی استعدادِ کار بڑھانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں کوئٹہ اور دیگر اضلاع میں پروگرام کے تحت جاری اور مجوزہ سرگرمیوں، نوجوانوں کی ترقی، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافے، سماجی شمولیت اور موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات پر بھی بات چیت ہوئی۔ ڈپٹی کمشنر مہراللہ بادینی نے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، معاشی مواقع پیدا کرنے، سماجی ہم آہنگی اور پائیدار ترقی کے لیے ایسے پروگرام اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مثبت اور تعمیری اقدامات کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔