مقامی ۸ ستمبر ۲۰۲۶

عوام ہماری طاقت ہیں، مسائل کا حل ہماری ذمہ داری ہے، محمد خان لہڑی

کوئٹہ (ویب نیوز) ایکسائز کے پارلیمانی سیکرٹری محمد خان لہڑی نے کہا ہے کہ پارلیمانی نمائندے عوام کی طاقت سے منتخب ہو کر ایوان تک پہنچتے ہیں، اس لیے منتخب ہونے کے بعد ان کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ عوام کے مسائل حل کرنے اور لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کریں۔ ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی شناخت صرف سیاسی نہیں بلکہ قبائلی بھی ہے اور ان روایات کا احترام کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہم خود کو عوام کا خادم سمجھتے ہیں تو ہمیں بادشاہوں کے بجائے خادم بن کر لوگوں کے درمیان رہنا، ان کے مسائل سننا اور ان کے حل کے لیے کوششیں کرنی چاہئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام ہماری بنیاد، طاقت اور آنکھیں ہیں، کیونکہ انہی کی حمایت سے ہم ایوان تک پہنچے ہیں، اس لیے عوام کے مسائل کے حل کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھانا ہماری ذمہ داری ہے۔