کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) عمران شوکت نے شہر میں گاڑیوں کی چوری کے بڑھتے ہوئے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ایک اہم اجلاس طلب کیا، جس میں سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے ایس ایس پی، ایس ایس پی صاحبان اور کوئٹہ کے چاروں ڈویژنز کے ایس پی صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس میں گاڑیوں کی چوری کے واقعات، ان کی روک تھام کے لیے اقدامات، چوری شدہ گاڑیوں کی برآمدگی اور وارداتوں میں ملوث ملزمان کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈی آئی جی عمران شوکت نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی کہ گاڑیوں کی چوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت اور مؤثر کارروائیوں کو مزید تیز کیا جائے، چوری شدہ گاڑیاں جلد از جلد برآمد کی جائیں اور ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گاڑیوں کی چوری کے مقدمات کی تفتیش میں جدید تکنیکی اور تحقیقاتی ذرائع سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور منظم گاڑی چور گروہوں کے خلاف مربوط اور مؤثر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ ڈی آئی جی عمران شوکت نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور گاڑیوں کی چوری سمیت جرائم کے خاتمے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
