گنداواہ (ویب نیوز) کیرتھر کینال سے غیر قانونی پانی نکالنے، پانی چوری اور غیر قانونی واٹر کورسز کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور محکمہ آبپاشی کی مشترکہ ٹیموں نے بڑا آپریشن کرتے ہوئے کینال کے خانکی سے باغ ہیڈ تک مختلف علاقوں میں 22 غیر قانونی واٹر کورسز اور بیرون بند کردیے۔ آپریشن کا مقصد کیرتھر کینال کے پانی کی منصفانہ تقسیم یقینی بنانا اور ٹیل کے علاقوں کے کاشتکاروں کو پانی کی کمی کا مسئلہ حل کرنا ہے۔ ڈپٹی کمشنر اوستہ محمد محمد رمضان پلل کی براہِ راست نگرانی اور کیرتھر کینال کے ایگزیکٹو انجینئر غلام محمد بادینی کی سربراہی میں خصوصی کارروائی کی گئی، جس میں اسسٹنٹ کمشنر اوستہ محمد رمضان اشتیاق، ایس ڈی او اپر کینال ذیشان جمالی، ایس ڈی او لوئر کینال سلمان مینگل، ایس ایچ او صدر حضور بخش، پولیس کی بھاری نفری اور محکمہ آبپاشی کے متعلقہ اہلکاروں نے حصہ لیا۔ مشترکہ ٹیموں نے مختلف مقامات پر کارروائی رات گئے تک جاری رکھی جو رات دو بجے تک جاری رہی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد رمضان پلل نے کہا کہ کیرتھر کینال کے پانی پر تمام کاشتکاروں کا برابر حق ہے اور کسی فرد یا گروہ کو غیر قانونی طور پر پانی حاصل کرکے دیگر کاشتکاروں کے حق پر ڈاکا ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پانی چوری، غیر قانونی واٹر کورسز اور بیرون کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں اور کینال کے ٹیل تک پانی کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آبپاشی نظام میں شفافیت، پانی کی منصفانہ تقسیم اور ٹیل کے کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے محکمہ آبپاشی کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں اور پانی کی تقسیم کے عمل کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ کوئی کاشتکار اپنے قانونی حق سے محروم نہ ہو۔ ضلعی انتظامیہ نے واضح کیا کہ غیر قانونی پانی نکالنے اور پانی چوری کے خلاف ’’زیرو ٹالرنس‘‘ پالیسی کے تحت کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق مزید اقدامات کیے جائیں گے۔
