کوہلو (ویب نیوز) بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بارشوں اور سیلابی پانی سے عوام کو ممکنہ نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے محکمہ آبپاشی کی جانب سے نیو کلی میں حفاظتی دیواروں کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق مون سون بارشوں کے دوران برساتی نالوں اور سیلابی پانی کے بہاؤ میں اضافے کے باعث نیو کلی میں گھروں اور رہائشی علاقوں میں پانی داخل ہونے اور دیگر نقصانات کا خدشہ رہتا ہے، جس کے پیش نظر محکمہ آبپاشی نے شہریوں کو ممکنہ سیلابی نقصانات سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی دیواروں کی تعمیر شروع کردی ہے اور کام تیزی سے جاری ہے۔ حفاظتی دیواروں کی تعمیر سے سیلابی پانی کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے اور رہائشی علاقوں سے پانی کو دور رکھنے میں مدد ملے گی، جبکہ منصوبے کی تکمیل کے بعد نیو کلی کے رہائشیوں اور ان کے گھروں کو بارشوں کے دوران ممکنہ سیلابی صورتحال سے مزید بہتر تحفظ فراہم ہونے کی توقع ہے۔ مقامی رہائشیوں نے حفاظتی دیواروں کی تعمیر پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور سیلابی پانی کے دوران انہیں اپنے گھروں اور املاک کے حوالے سے شدید خدشات کا سامنا رہتا تھا۔ انہوں نے عوام کے تحفظ کے لیے حفاظتی اقدامات کرنے پر محکمہ آبپاشی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
