پشین (ویب نیوز) پشین ضلع میں ڈیوٹی سے مبینہ غفلت اور غیر حاضری پر ضلعی ایس ایس پی نوید عالم کی جانب سے محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے دو پولیس اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔ ایس ایس پی کے مطابق دونوں اہلکار ڈیوٹی کے دوران غیر حاضر تھے، جس کے باعث سکیورٹی انتظامات میں خلا پیدا ہوا اور بعد ازاں دہشت گردی کا ایک واقعہ پیش آیا جس میں پولیس اہلکار نعمت اللہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔ ایس ایس پی نوید عالم نے کہا کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال میں پولیس ڈیوٹی کے دوران کسی قسم کی غفلت یا لاپروائی برداشت نہیں کی جاسکتی۔ پولیس کی بنیادی ذمہ داری شہریوں کے جان و مال، حساس مقامات اور سرکاری تنصیبات کی حفاظت کے ساتھ ساتھ اپنے اہلکاروں کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ حکام کے مطابق سب انسپکٹر حکیم اللہ کی دو سالہ ملازمت ختم کردی گئی جبکہ ایک اور پولیس اہلکار کو بھی ڈیوٹی سے غفلت اور غیر حاضری پر برطرف کیا گیا ہے۔ پولیس نے تمام اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریاں مکمل پیشہ ورانہ انداز میں ادا کریں، مقررہ ڈیوٹی پوائنٹس پر موجود رہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا غیر حاضری سے گریز کریں۔ ایس ایس پی نوید عالم نے کہا کہ پولیس فورس میں ڈیوٹی سے غفلت، غیر حاضری اور سکیورٹی ذمہ داریوں میں کوتاہی کسی صورت نظر انداز نہیں کی جائے گی اور موجودہ سکیورٹی خطرات کے پیش نظر ہر اہلکار کو اپنی ذمہ داری پوری طرح نبھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس میں احتساب کا عمل جاری رہے گا اور غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے شہید پولیس اہلکار نعمت اللہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار عوام کے تحفظ اور امن کے قیام کے لیے اپنی جوانیاں اور جانیں قربان کررہے ہیں اور ان کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ پشین کے شہریوں نے بھی غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ضلع میں پولیس نفری، گشت اور سکیورٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
