مقامی ۷ ستمبر ۲۰۲۶

پبلک سروس کمیشن تمام آسامیوں کو جلد از جلد میرٹ پر پُر کرے: پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان میں بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے تحصیلداروں اور دیگر آسامیوں پر بھرتیوں کے عمل میں تعطل، ٹیسٹ اور انٹرویوز میں تاخیر اور امیدواروں و نوجوانوں میں بڑھتی ہوئی تشویش پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت میرٹ کو نقصان پہنچانے والے اقدامات سے گریز کرے اور کامیاب امیدواروں کے انٹرویوز مکمل کرنے کے بعد حقدار افراد کی میرٹ پر تقرری یقینی بنائے۔ پارٹی کے مطابق صوبے میں طویل عرصے سے ہزاروں آسامیاں خالی ہیں اور حکومت تعلیم یافتہ، قابل اور باصلاحیت نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے کے بجائے ان آسامیوں کو میرٹ پر پُر کرنے کے عمل میں مسلسل رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پبلک سروس کمیشن طویل عرصے تک چیئرمین کے بغیر چلتا رہا اور اب ادارے کے سربراہ کی تقرری کے بعد مختلف محکموں کی ہزاروں خالی آسامیوں کے لیے ٹیسٹ اور انٹرویوز کا سلسلہ شروع ہوا تو اس میں بھی رکاوٹیں پیدا کی جارہی ہیں۔ تحصیلدار کی آسامیوں کے لیے تقریباً 24 ہزار امیدواروں نے ٹیسٹ دیا تھا، جن میں سے قریباً 1200 امیدوار کامیاب ہوئے، تاہم طویل عرصے سے ان کے انٹرویوز مقرر نہیں کیے گئے، جس سے امیدواروں میں تشویش بڑھ رہی ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پبلک سروس کمیشن بے روزگار نوجوانوں کی آخری امید ہے اور ادارے کو کمزور کرنے، ٹیسٹ و انٹرویوز اور آسامیوں کی بھرتی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کا مقصد اختیارات واپس لے کر محکموں کے ذریعے کنٹریکٹ اور ایڈہاک بنیادوں پر بھرتیاں کرنا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے کہا کہ پارٹی میرٹ پر یقین رکھتی ہے اور پبلک سروس کمیشن سے بھی توقع ہے کہ وہ اپنے ادارے کی ساکھ برقرار رکھتے ہوئے تمام آسامیوں کو میرٹ کی بنیاد پر جلد از جلد پُر کرے تاکہ ایک طرف بے روزگاری میں کمی آئے اور دوسری جانب بے روزگار نوجوانوں اور امیدواروں کی تشویش ختم ہوسکے۔