کوئٹہ (ویب نیوز) ڈپٹی کمشنر کوئٹہ ویسٹ منیر احمد کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر بروری کاشف امر نے شہریوں کی شکایات پر جناح ٹاؤن اور شہباز ٹاؤن میں سڑکوں اور عوامی راستوں پر قائم ریڑھیوں اور تجاوزات کے خلاف کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران تجاوزات ہٹا کر راستے کلیئر کر دیے گئے، جبکہ تجاوزات قائم کرنے والوں کو دوبارہ خلاف ورزی نہ کرنے کی ہدایت کی گئی۔ وارننگ کے باوجود خلاف ورزی جاری رکھنے پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر کاشف امر نے کہا کہ شہریوں کی سہولت کے لیے تجاوزات کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور دوبارہ تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
