کوئٹہ(ویب نیوز)بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں تحفظِ مخبر، فشریز اینڈ ایکوا کلچر، سٹیزن فیسیلٹیشن اینڈ گڈ گورننس، رائٹ ٹو انفارمیشن، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ اور تعمیر نو یونیورسٹی کوئٹہ سمیت متعدد مسوداتِ قانون پیش کیے گئے، جنہیں مزید غور و خوض اور سفارشات کے لیے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کردیا گیا۔ اجلاس میں تحفظِ مخبر کا مسودہ پارلیمانی سیکرٹری عبدالمجید بادینی، فشریز اینڈ ایکوا کلچر کا مسودہ ربابہ بلیدی، سٹیزن فیسیلٹیشن اینڈ گڈ گورننس کا مسودہ صوبائی وزیر داخلہ میر ضیا اللہ لانگو، رائٹ ٹو انفارمیشن اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے مسودات پارلیمانی سیکرٹری زرین مگسی جبکہ تعمیر نو یونیورسٹی کوئٹہ کا مسودہ صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی نے پیش کیا۔ متعلقہ قائمہ کمیٹیاں مسودات کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات اور رپورٹس ایوان میں پیش کریں گی۔
