پشین(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصراللہ خان زیرے نے اعلان کیا ہے کہ عیدالاضحی کے چوتھے روز برشور بازار میں ایک عظیم الشان اور تاریخی جلس عام منعقد ہوگا، جس سے پارٹی کے چیئرمین و رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ سمیت دیگر مرکزی و صوبائی رہنما خطاب کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع پشین کی ضلعی کمیٹی کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں جلسے کی تیاریوں اور تنظیمی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔نصراللہ خان زیرے نے کہا کہ یہ جلسہ موجودہ سیاسی صورتحال اور بالخصوص “مائنز اینڈ منرلز ایکٹ 2025” کے تناظر میں نہایت اہمیت کا حامل ہے، کیونکہ یہ قانون پشتونخوا وطن کے قدرتی وسائل پر قبضے اور مقامی آبادی کو ان کے حقِ ملکیت سے محروم کرنے کی ایک منظم کوشش ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ معدنی وسائل اور زمینوں پر پہلا حق مقامی عوام کا ہے اور پارٹی اس متنازع قانون کے خلاف بھرپور عوامی آگاہی مہم چلائے گی۔ اجلاس میں مرکزی سیکریٹری اطلاعات محمد عیسی روشان اور دیگر رہنماں نے بھی شرکت کی، جہاں کارکنوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ جلسے کی کامیابی کے لیے گھر گھر رابطہ مہم تیز کریں تاکہ قومی حقوق اور وسائل کے تحفظ کے لیے ایک متحد اور مثر آواز بلند کی جا سکے۔
