کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جمعہ کے روز کوئٹہ میں ‘پیپلز ایئر ایمبولینس’ سروس کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی، صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ اور اراکین اسمبلی بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ تقریب کے دوران چیئرمین کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس سروس کا بنیادی مقصد بلوچستان کے دشوار گزار اور دور دراز علاقوں میں ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے تاکہ شدید بیمار یا حادثات کے شکار مریضوں کو فوری طور پر بڑے اسپتالوں تک منتقل کیا جا سکے۔یہ ایئر ایمبولینس سروس جدید ترین طبی سہولیات بشمول آکسیجن سسٹم، مانیٹرنگ مشینوں اور دیگر لائف سیونگ آلات سے لیس ہے، جو دورانِ پرواز مریض کی مکمل نگہداشت کو ممکن بنائے گی۔ اس منصوبے کی خاص بات نوزائیدہ بچوں کے لیے مخصوص انکیوبیٹر کی فراہمی ہے، جس سے پیچیدہ طبی صورتحال میں مبتلا بچوں کی محفوظ منتقلی یقینی ہو سکے گی۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ بلوچستان میں ایمرجنسی طبی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور محروم علاقوں تک صحت کی سہولیات پہنچانے کی جانب ایک تاریخی سنگِ میل ثابت ہوگا۔
