کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ نے ایک جاری کردہ بیان میں شہر کے مختلف علاقوں میں مجسٹریٹ کی جانب سے دکانوں، ہوٹلوں اور کاروباری مراکز پر بلاجواز چھاپوں کی شدید مذمت کی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ انتظامیہ کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال، مبینہ بھتہ خوری اور رشوت خوری نے تاجروں اور عوام کو شدید ذہنی و مالی پریشانی میں مبتلا کر رکھا ہے، جو کہ موجودہ معاشی صورتحال میں انتہائی تشویشناک عمل ہے۔پارٹی کے بیان کے مطابق سیٹلائٹ ٹان، منی مارکیٹ، لیاقت بازار، مسجد روڈ، قندہاری بازار اور دیگر علاقوں میں تاجروں کو ہراساں کرنے اور بلاجواز جرمانے عائد کرنے کے سلسلے جاری ہیں۔ پشتونخواملی عوامی پارٹی نے واضح کیا کہ وہ صفائی اور نرخ ناموں پر عملدرآمد کے حق میں ہے، تاہم اختیارات سے تجاوز اور تاجروں کو جیل منتقل کرنا کسی صورت قبول نہیں۔ ضلعی انتظامیہ اور اعلی حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ان ناروا اقدامات کا فوری نوٹس لے کر تحقیقات کی جائیں، بصورتِ دیگر پارٹی تاجر برادری کے ساتھ مل کر بھرپور احتجاج کرے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ مہنگائی اور بیروزگاری کے اس دور میں شہریوں کو حلال روزی کمانے سے روکنے کے بجائے انہیں سہولیات فراہم کی جائیں۔
