مقامی ۱۵ مئی ۲۰۲۶

کوئٹہ میں بدامنی اور مہنگائی کے خلاف 22 مئی کو عظیم الشان احتجاجی مظاہرے کا اعلان

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)جمعیت علما اسلام ضلع کوئٹہ کی ضلعی مجلسِ عاملہ کا اہم اجلاس ضلعی امیر شیخ الحدیث مولانا عبدالرحمن رفیق کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں شہر میں بڑھتی ہوئی بدامنی، قتل و غارت گری، ڈکیتی کی وارداتوں اور بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی جماعت کی کال پر 22 مئی کو سہ پہر 3 بجے مہنگائی اور بدامنی کے خلاف ضلعی دفتر سے ایک بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، جبکہ 4 جون کو پشین میں قائدِ جمعیت مولانا فضل الرحمن کے جلسہ عام کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالرحمن رفیق اور دیگر مقررین نے کہا کہ حکومت شہریوں کے تحفظ اور قیامِ امن میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، جبکہ لاک ڈان کے نام پر تاجروں کا معاشی استحصال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست اور انٹیلی جنس ادارے مولانا فضل الرحمن اور ان کے رفقا کی سیکیورٹی کے مکمل ذمہ دار ہیں اور صرف تھریٹ الرٹس جاری کر کے اپنی ذمہ داری سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔ جے یو آئی کے رہنماں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا فوری خاتمہ کیا جائے اور عوام دشمن پالیسیاں بدلی جائیں، کیونکہ فارم 47 کے ذریعے آنے والے حکمرانوں نے غریب عوام کی کمر توڑ دی ہے۔