مقامی ۱۵ مئی ۲۰۲۶

خضدار میں روف مینگل کے گھر پر چھاپہ منظم سازش، حقیقی قیادت کے خلاف مہم جوئی کی جا رہی ہے، ساجد ترین ایڈوکیٹ

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈوکیٹ نے خضدار میں پارٹی رہنما روف مینگل کے گھر پر چھاپے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بلوچستان کے حالات خراب کرنے کی منظم سازش قرار دیا ہے۔ جمعہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حقیقی سیاسی قیادت کو دیوار سے لگانے کا مقصد فارم 47 کے ذریعے آنے والے افراد کو عوام پر مسلط رکھنا ہے تاکہ صوبے کے معدنی وسائل کی لوٹ مار آسانی سے کی جا سکے۔ اس موقع پر آغا حسن بلوچ، موسی بلوچ، غلام نبی مری اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ساجد ترین ایڈوکیٹ نے کہا کہ سردار اختر جان مینگل کے خلاف مہم چلانے والے عناصر کی حقیقت سے باشعور عوام بخوبی واقف ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نوجوانوں کے بعد اب خواتین کو بھی لاپتہ کیا جا رہا ہے جو کہ انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سیاسی رہنماں کے گھروں پر چھاپوں اور ہراسانی کا سلسلہ فوری بند کیا جائے۔ بی این پی رہنماں نے عزم ظاہر کیا کہ تمام تر دبا کے باوجود پارٹی عوامی حقوق اور وسائل کے تحفظ کی جمہوری جدوجہد سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور جلد تمام حقیقی سیاسی قوتیں متحد ہو کر ان “جعلی حکمرانوں” کی پالیسیوں کو بے نقاب کریں گی۔