مقامی ۱۵ مئی ۲۰۲۶

افغانستان کو دشمن بنانا امریکی ہداف کا حصہ، بارڈر کی بندش سے معاشی قتل کیا جا رہا ہے، احمد خان

کوئٹہ(روزنامہ صداقت انٹرنیشنل کوئٹہ)افغان قومی موومنٹ کے سربراہ احمد خان نے کہا ہے کہ محدود سوچ کے حامل پالیسی سازوں نے امریکی مفادات کے حصول کے لیے برادر ملک افغانستان کو دشمنوں کی صف میں لا کھڑا کیا ہے، جس کے نتیجے میں ملک شدید معاشی بحران کا شکار ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نااہل حکمرانوں میں دوست اور دشمن کی پہچان ختم ہو چکی ہے اور ناقص تجارتی پالیسیوں کے باعث معاشی ترقی محض ایک خواب بن کر رہ گئی ہے۔ پاک افغان بارڈر کی مسلسل بندش سے نہ صرف تجارت تباہ ہوئی ہے بلکہ سرحد کے دونوں پار آباد ایک ہی قوم، جن کے گھر، زمینیں اور قبرستان منقسم ہیں، شدید اذیت کا شکار ہیں۔احمد خان نے پشتون اضلاع میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور زراعت کی تباہی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بارڈر کو فوری طور پر تجارت کے لیے کھولا جائے تاکہ لاکھوں غریب خاندانوں کا چولہا جل سکے۔ انہوں نے بارڈر کی بندش کو پشتون افغان قوم کو معاشی طور پر کمزور کرنے کی سازش قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ ایک سال سے غیر قانونی بندش کی وجہ سے بیماروں اور میتوں تک کو گزرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی، جو کہ انسانیت سوز عمل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا، کیونکہ سرحد کی بندش سے صرف دشمن قوتیں اپنے مذموم مقاصد حاصل کر رہی ہیں اور دونوں برادر ممالک کو ناقابل تلافی مالی نقصان پہنچ رہا ہے۔