مقامی ۲۴ اگست ۲۰۲۶

چمن میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر مظلوم اولسی تحریک کا شدید احتجاج

چمن (ویب نیوز) مظلوم اولسی تحریک کے سربراہ اور کابینہ نے چمن میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال، بڑھتی ہوئی چوری، بدامنی اور عوامی مشکلات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے بجائے شریف شہریوں کو ہراساں کرنے میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔ تحریک کے رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ پولیس عوام کو بلاوجہ تنگ کرنے سے گریز کرے، شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے، جرائم کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرے اور رشوت خوری سمیت تمام غیر قانونی سرگرمیوں کا فوری خاتمہ کیا جائے۔ انہوں نے پولیس نظام میں شفافیت یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام کا قانون نافذ کرنے والے اداروں پر اعتماد بحال کرنا ضروری ہے۔ تحریک نے خبردار کیا کہ اگر پولیس نے اپنا رویہ درست نہ کیا اور چمن کے عوام کو تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو عوام کے حقوق کے لیے احتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔ رہنماؤں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا کہ چمن میں امن و امان کی فوری بحالی، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی اور پولیس نظام میں شفافیت کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔