مقامی ۲۴ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں دن دہاڑے ڈکیتی، فائرنگ سے شہری زخمی، 8 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے

کوئٹہ (ویب نیوز) کوئٹہ میں بدامنی اور ڈکیتی کی بڑھتی ہوئی وارداتوں نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ خالق شہید تھانے کی حدود میں لنک بادینی روڈ، مشرقی بائی پاس کے علاقے میں دو نامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے ایک شہری پر فائرنگ کرکے اسے زخمی کر دیا اور اس سے 8 لاکھ روپے نقدی چھین کر فرار ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق مسلح ڈاکوؤں نے حیات اللہ ولد محمد قاسم، نورزئی قوم سے تعلق رکھنے والے اور عطا محمد برمہ علاقے کے رہائشی، کو موٹرسائیکل پر نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں حیات اللہ زخمی ہو گیا جبکہ ڈاکو نقد رقم لے کر موقع سے فرار ہو گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ شہریوں نے کہا ہے کہ عوامی مقام پر مسلح افراد کی فائرنگ اور لاکھوں روپے کی ڈکیتی نے مشرقی بائی پاس میں امن و امان کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرکے شہر میں بڑھتی ہوئی ڈکیتی کی وارداتوں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔