مقامی ۲۴ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں سٹی نالے کے خلاف بڑا آپریشن، 140 منشیات کے عادی افراد گرفتار، 2 منشیات فروش بھی حراست میں

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں پولیس نے منشیات کے استعمال اور فروخت کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے جناح روڈ سے متصل سٹی نالے میں بڑا آپریشن کیا، جس کے دوران تقریباً 140 منشیات کے عادی افراد کو حراست میں لے کر مختلف بحالی مراکز منتقل کر دیا گیا تاکہ انہیں منشیات کی لت سے نجات دلانے کے لیے علاج اور بحالی کی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ پولیس نے منشیات کی مبینہ فروخت کے الزام میں 2 افراد کو بھی گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔ آپریشن کی قیادت سٹی ایس پی آصف غفور، سول لائنز ایس ڈی پی او قادر قمبرانی اور سٹی ایس ایچ او نعمت اللہ خلجی نے کی، جبکہ بڑی تعداد میں پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا۔ پولیس کے مطابق سٹی نالے اور گرد و نواح میں قائم بعض غیر قانونی اور عارضی تعمیرات بھی مسمار کی گئیں، جن میں ایک میڈیکل اسٹور، کریانہ دکان اور ہوٹل بھی شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد سٹی نالے کو منشیات اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں سے پاک کرکے علاقے کے مکینوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ پولیس نے واضح کیا ہے کہ منشیات کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور منشیات فروشوں، سہولت کاروں اور سپلائی نیٹ ورکس کے خلاف بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اپنے علاقوں میں منشیات کی فروخت یا استعمال سے متعلق کسی بھی معلومات سے پولیس کو آگاہ کریں۔