مقامی ۲۴ اگست ۲۰۲۶

اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ سے دنیا میں امن، انصاف اور خوشحالی قائم ہوسکتی ہے، مولانا عطاء الرحمن

کوئٹہ (ویب نیوز) جمعیت علماء اسلام خیبر پختونخوا کے صوبائی امیر مولانا عطاء الرحمن نے کہا ہے کہ اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ سے دنیا میں عدل، انصاف، امن اور خوشحالی قائم ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اور انسان کی حیثیت سے ہماری بنیادی ذمہ داری ہے کہ ہم خود کو قرآن کریم کی تعلیمات سے آراستہ کریں، کیونکہ علم میں سکون، اطمینان اور امن ہے جبکہ جہالت ظلم، مشکلات اور بے چینی کو جنم دیتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام کا نظام اور دستور ہر دور اور ہر قوم کے لیے جامع نظام ہے جو زندگی کی اصلاح، فطرت کے اصولوں سے مطابقت اور امن و سلامتی کے قیام کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس نے تعلیم، دعوت و تبلیغ، دینی تربیت اور اخلاقی اصلاح کے شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔ ان کے مطابق اسلام ابتدا ہی سے باطل قوتوں کے نشانے پر رہا ہے اور دین مخالف عناصر نے ہمیشہ ان مراکز اور افراد کو نشانہ بنایا جو دین کی حفاظت اور اس کی تعلیمات کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اصحاب صفہ سے لے کر آج تک مدارس مسلمانوں تک اسلامی تعلیمات پہنچانے، امت کی تربیت، اخلاق اور تہذیب کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مدارس نے دنیا میں دیانتدار، بااخلاق اور مہذب افراد کی تربیت میں اہم کردار ادا کیا جبکہ اسلام اور ملک کے تحفظ کے لیے علما اور طلبہ نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔