مقامی ۲۴ اگست ۲۰۲۶

عوامی مسائل کا حل اور ریونیو نظام میں شفافیت حکومت کی ترجیح ہے؛ عاصم کرد گیلو

کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی وزیر ریونیو میر محمد عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ صوبے میں عوامی مسائل کا حل اور ریونیو نظام میں شفافیت حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں اور عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے یہ بات مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اصلاحات پر عملدرآمد جاری ہے تاکہ عوام کو زمینوں اور دیگر ریکارڈ سے متعلق مزید بہتر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت بدعنوانی کے خاتمے اور عوامی خدمت کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے۔ میر عاصم کرد گیلو نے افسران کو ہدایت کی کہ دفاتر میں عوامی سہولت کو ترجیح دی جائے اور شہریوں کی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات یقینی بنائے جائیں۔