حیردین (ویب نیوز) صحبت پور کے علاقے اسحاق خان کھوسہ گاؤں کے قریب تین افراد کی گولیوں سے چھلنی لاشیں ملنے پر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے تینوں لاشوں کو اپنی تحویل میں لے کر قانونی اور طبی کارروائی کے لیے میر ظہور حسین کھوسہ میموریل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال صحبت پور منتقل کیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں لاشوں کے ضروری طبی معائنے اور تمام قانونی مراحل مکمل کرنے کے بعد انہیں پولیس کی نگرانی میں سرد خانے منتقل کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے ساتھ ساتھ واقعے کی نوعیت اور اموات کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی ہیں، تاہم تاحال تینوں افراد کی شناخت اور واقعے کی اصل وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔ پولیس کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور توقع ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مقتولین کی شناخت اور واقعے کے حوالے سے مزید حقائق سامنے آئیں گے۔
