ہرنائی (ویب نیوز) محکمہ صحت ضلع ہرنائی نے سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک تصویر کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تصویر میں نظر آنے والی گاڑی اور سامان سے متعلق پھیلایا جانے والا تاثر حقائق کے منافی ہے۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق تصویر میں ایک گاڑی، موٹرسائیکل اور چند کولڈ بکسز نظر آرہے ہیں اور یہ تاثر دیا جارہا ہے کہ مبینہ طور پر سرکاری سامان کوئٹہ منتقل کیا جارہا ہے، حالانکہ مذکورہ گاڑی ذاتی ملکیت ہے جبکہ موٹرسائیکل بھی ڈرائیور کی ذاتی ملکیت ہے، جو اس نے اپنی رقم سے خریدی ہے اور اس کی خریداری کی رسید بھی موجود ہے۔ ترجمان کے مطابق تصویر میں موجود کولڈ بکسز بچوں کی ویکسین کو مناسب درجہ حرارت پر محفوظ رکھنے کے لیے ای پی آئی کے استعمال میں آنے والے بکسز ہیں۔ جب ضلع ہرنائی کا ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر سرکاری امور کے سلسلے میں کوئٹہ جاتا ہے تو خالی کولڈ بکسز اپنے ساتھ لے جاتا ہے اور واپسی پر ان میں ہرنائی کے بچوں کے لیے ویکسین لاتا ہے تاکہ ویکسین کی کولڈ چین برقرار رہے۔ انہوں نے اسے محکمہ صحت کا معمول کا سرکاری طریقہ کار قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کو ان اشیا کے بارے میں کوئی شک یا تشویش ہو تو سوشل میڈیا پر تصویر یا الزام جاری کرنے سے قبل متعلقہ دفتر یا ذمہ دار افسر سے معلومات حاصل کرنی چاہئیں۔ ان کے مطابق حقائق کے بغیر کسی معاملے کو چوری یا سرکاری سامان کی غیرقانونی منتقلی سے جوڑنا درست نہیں۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ہرنائی نے مختصر عرصے میں صحت کے شعبے میں متعدد اہم اقدامات کیے ہیں، جن میں سول ہسپتال ہرنائی، ای پی آئی شارگ اور ناکس مراکز کے لیے معیاری سولر سسٹمز کی منظوری، صحت مراکز کی مرمت اور بنیادی سہولیات میں بہتری شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سول ڈسپنسری ناکس، بنیادی صحت مرکز گوچینہ، ایم سی ایچ مرکز شارگ، بی ایچ یو خدرانی، خوست اور زردالو کی مرمت و بحالی کے لیے بھی اقدامات کیے گئے ہیں جبکہ حال ہی میں ایم سی ایچ مرکز ہرنائی میں نئی بیٹریاں فراہم کرکے بجلی کا مسئلہ حل کردیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے ترجمان نے تمام متعلقہ افراد سے اپیل کی کہ کسی بھی تصویر یا خبر کو نشر کرنے سے قبل اس کے حقائق کی مکمل تصدیق کی جائے، کیونکہ تنقید اور احتساب ہر شخص کا حق ہے، تاہم غلط معلومات اور بے بنیاد تاثر پھیلانے سے گریز کیا جانا چاہیے۔
