سبی (ویب نیوز) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی ضلع سبی کے ایگزیکٹو ارکان کا اہم اجلاس ضلعی دفتر میں منعقد ہوا، جس کی صدارت ضلعی صدر ڈاکٹر نور احمد شاہ خجک نے کی۔ اجلاس میں ضلعی جنرل سیکرٹری ملک فقیر محمد مرغزانی اور دیگر ایگزیکٹو ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس کا مرکزی ایجنڈا پشتون قومی جرگہ تھا، جو 30 اگست سے یکم ستمبر 2026 تک کوئٹہ میں تین روز تک منعقد ہوگا۔ شرکاء نے جرگے کی کامیابی کے لیے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ضلع سبی سے زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لیے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دیں۔ ضلعی رہنماؤں نے کہا کہ پشتون قوم اپنے مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے اور ان کے خیال میں تمام مسائل کا حل پشتون قومی جرگے میں مضمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پشتون قومی جرگے کی کامیابی پوری پشتون قوم کی کامیابی ہے، اس لیے ہر پشتون کو جرگے میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔
