مقامی ۲۲ اگست ۲۰۲۶

مستونگ دھماکے میں سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر صوبائی وزیر بخت محمد کاکڑ کی شدید مذمت

کوئٹہ(ویب نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور بلوچستان حکومت کے صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ میں سکیورٹی فورسز کے قافلے پر ہونے والے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے دھماکے میں ایک سکیورٹی اہلکار کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے زخمی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات اور دعاؤں کا اظہار کیا۔ بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ بزدلانہ دہشت گرد حملے سکیورٹی فورسز اور عوام کے عزم و حوصلے کو کمزور نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کے قیام کے لیے سکیورٹی فورسز کی کوششیں اور قربانیاں قابلِ تحسین ہیں اور ان قربانیوں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت ہر مشکل وقت میں اپنی بہادر سکیورٹی فورسز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔