کوئٹہ (ویب نیوز) بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ترقیاتی منصوبوں پر سست رفتاری نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں کھدائی، نامکمل منصوبوں اور ناقص انتظامی کارکردگی کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اہم سڑکیں، گلیاں اور بازار مٹی، گردوغبار اور کھلے گڑھوں سے بھرے پڑے ہیں، جبکہ مختلف مقامات پر کھڑی تعمیراتی مشینری اور نامکمل کاموں نے ٹریفک کا نظام بھی شدید متاثر کر دیا ہے۔ اسکولوں اور اسپتالوں کے اطراف بھی تعمیراتی ملبہ اور مٹی کے ڈھیر شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہے ہیں۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ متعلقہ سرکاری ادارے اور محکمے انتہائی غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبے عوام کو سہولت فراہم کرنے کے بجائے ان کے لیے زحمت کا سبب بن گئے ہیں۔ شہریوں نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر صوبائی دارالحکومت کی یہ صورتحال ہے تو دور دراز اضلاع میں حالات کیسے ہوں گے؟ شہریوں نے بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حکومت نے جلد مؤثر اقدامات نہ کیے تو کوئٹہ ترقی یافتہ شہر کے بجائے کھنڈرات کا منظر پیش کرے گا۔
