مقامی ۲۲ اگست ۲۰۲۶

کوئٹہ میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف پولیس کے بڑے آپریشن، 805 افراد گرفتار

کوئٹہ(ویب نیوز) بلوچستان پولیس نے پورے صوبے میں جرائم پیشہ عناصر، اشتہاری و مفرور ملزمان، منشیات فروشوں اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔ بلوچستان پولیس کے آئی جی محمد طاہر کی ہدایت پر صوبے کے ساتوں رینجز میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق خصوصی مہم کے دوران گزشتہ تین ہفتوں میں مجموعی طور پر 805 افراد کو گرفتار کیا گیا، جن میں 43 اشتہاری، 296 مفرور اور 466 عام جرائم پیشہ افراد شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری ہے جبکہ سنگین جرائم میں ملوث افراد سے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔ مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں کے دوران مزید 102 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں اور 55 میگزین برآمد کیے گئے۔ پولیس نے منشیات کے خلاف بھی کارروائیاں وسیع کر دی ہیں اور مختلف اضلاع میں 86 منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 165 کلوگرام سے زائد چرس برآمد کی ہے۔ مختلف کارروائیوں کے دوران 18 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا جبکہ 4 چوری شدہ گاڑیاں اور 14 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں اور صوبے بھر میں 4,576 گاڑیوں سے غیر قانونی سیاہ شیشے اتارے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق غیر قانونی سیاہ شیشوں کے خلاف کارروائی جرائم کی روک تھام اور شہریوں کے تحفظ کے لیے کی جا رہی ہے۔ بلوچستان پولیس کے آئی جی محمد طاہر نے افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں کسی قسم کا دباؤ قبول کیے بغیر قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی یقینی بنائی جائے۔ پولیس نے کہا ہے کہ امن و امان کے قیام، عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کی روک تھام کے لیے آپریشنز کا سلسلہ جاری رہے گا۔